ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کرناٹک قانون ساز کونسل میں شرم ناک واقعہ

کرناٹک قانون ساز کونسل میں شرم ناک واقعہ

Thu, 17 Dec 2020 11:12:58    S.O. News Service

بنگلورو،17؍دسمبر(ایس او نیوز) کسی زمانے میں اترپردیش اور بہار کے اسمبلی میں مار پیٹ کے واقعات تھے لیکن اب ’مار پیٹ‘ پر شمالی ہند کی اجارہ داری نہیں رہی، یہ جنوبی ہند کی ریاستوں میں بھی عام بات ہوگئی  ہے۔ کرناٹک کے قانون ساز کونسل میں جو کچھ ہوا، وہ اس بات کا ثبوت ہے۔ یہاں اپوزیشن سے تعلق رکھنے والے کونسل کے چیئرمین  ’کے پی ایچ شیٹی‘ کو معزول کیلئے بلائے جانے والےیک روزہ خصوصی اجلاس میں غیر معمولی ہنگامہ ہوا۔ اجلاس شروع ہونے سے قبل ہی حکمراں جماعت  بی جے پی کے اراکین اور حزب اختلاف کی جانب سے کانگریس کے ممبروں کے مابین جس طرح کی ہاتھا پائی اور دھکا مکی ہوئی، اس  نے جمہوریت کا گلا گھونٹنے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی۔اجلاس کےمعینہ وقت سے چند منٹ پہلے ہی چیئرمین کے کرسی پر اچانک ڈپٹی چیئرمین دھرمے گوڑا جاکر بیٹھ گئے۔ ڈپٹی چیئرمین کی یہ حرکت  دیکھ کر نہ صرف چیئرمین ’کے پی ایچ شیٹی‘ بلکہ کانگریس کے اراکین بھی ششدر رہ گئے۔ پھر کانگریس اراکین نے جو کیا، وہ بھی کم افسوس ناک نہیں تھا۔ انہوں نے ڈپٹی چیئرمین کو کھینچ کر مسند صدارت سے نیچے اُتار دیا۔ اس دوران کرناٹک میں ایک بار پھر بی جے پی اور جنتادل سیکولر کے درمیان سانٹھ گانٹھ کا معاملہ نظر آیا۔ خیال رہے کہ ڈپٹی چیئرمین کا تعلق جے ڈی ایس سے ہے جن پر بی جے پی  پورا ’اعتماد‘ کررہی ہے۔دراصل مذکورہ اجلاس میں بی جے پی کی جانب سے ’گئو کشی بل‘ کو منظور کرانے کا منصوبہ تھا۔

 ایوان میں غیر معمولی ہنگامہ آرائی، اُس وقت شروع ہوئی جب حکمراں بی جے پی اور حزب اختلاف کانگریس کے ممبران نے ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی شروع کردی۔ اس دوران دونوں جماعتوں کےمشتعل اراکین ایک دوسرے سے ہاتھا پائی کرتے اور ایک دوسرے کو دھکا دیتے ہوئے نظر آئے۔اس کے بعدکونسل کےچیئرمین شیٹی نے نشست سنبھال لی  اور ایوان کو غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا۔قبل ازیں چیئرمین نے خود کو عہدے سے ہٹانے کیلئے تحریک عدم اعتماد کے نوٹس کو مسترد کردیا۔ اس کے بعد انہوں نے وقفہ سوال، انسداد گائے ذبیحہ بل اور اس سے متعلق دیگر کاروائیوں کو درج کیا جو آج ہونا چاہئے تھا۔


Share: